منگلورو،20/جولائی (ایس اونیوز) دکشن کنڑا میں متواتر بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے آج ہفتہ کے روز ضلع بھر کے اسکولوں اور کالجوں کو تعطیل کا اعلان کردیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے وارننگ کے بعد ضلع میں سخت چوکسی کا اعلان کردیا گیا۔ ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ماہی گیروں کو سمندر جانے سے گریز کرنے کو کہا گیا جبکہ سیاحوں سے آئندہ چند دنوں تک ساحل سمندر پر نہ جانے کی اپیل کی گئی۔ ضلع اور تعلقہ کے تمام عہدیداروں کو اپنی اپنی ڈیوٹی کے مقام پر موجود رہنے کو کہا گیا ہے۔ اس ضمن میں شکایات سے نمٹنے ٹول فری نمبر 1077جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ واٹس ایپ نمبر 9483908000پر بھی شکایت کی جاسکتی ہے۔